ملک بھر میں جعلی الیکشن کرا کر من پسند انتخابی نتائج حاصل کئے گئے، جی ڈی اے

February 26, 2024

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) قومی عوامی تحریک اور سندھیانی تحریک حیدرآباد کی جانب سے کراچی میں احتجاج کے دوران قومی عوامی تحریک سمیت جی ڈی اے کے رہنماؤں و کارکنان پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف پارٹی رہنماؤں خادم حسین سموں‘ عباس پٹھان‘ رشنا پٹھان اور شائستہ ابڑو سمیت دیگر کی قیادت میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں حالیہ ہونے والے جعلی الیکشن کے خلاف جی ڈی اے کی اپیل پر سندھ اسمبلی کراچی کے سامنے کئے جانے والے احتجاج کوروکنے کیلئے پولیس کا استعمال کرکے پرامن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کیا گیا جبکہ سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر زینت سموں اور دیگر خواتین کارکنان کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں جعلی الیکشن کرا کر من پسند انتخابی نتائج حاصل کئے گئے جبکہ الیکشن میں کامیاب امیدواروں کو ناکام دکھا کر ملک کی باگ ڈور کرپٹ اور ناہل زرداری مافیا سمیت نواز لیگ کے ہاتھوں میں دے دی گئی ہے۔