جب ثانیہ مرزا نے شعیب سے شادی کو ’مشکل ترین‘ فیصلہ قرار دیا

February 27, 2024

---فائل فوٹو

بھارتی معروف ٹینس اسٹار، پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے کھلاڑی شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹر سے شادی کرنا آسان نہیں تھا۔

ثانیہ مرزا کی شعیب ملک سے علیحدگی ہو چکی ہے جس کی تصدیق گزشتہ ماہ ثانیہ مرزا کے والد کی جانب سے کی گئی تھی۔

اس جوڑی کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک بھی ہے جو کہ زیادہ تر والدہ، ثانیہ مرزا کے ساتھ رہتا ہے۔

دوسری جانب شعیب ملک معروف پاکستانی اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ دوسری بار اپنا گھر بسا چکے ہیں اور ایک بار پھر خوب خبروں میں ہیں۔

اس وقت بھارتی ویب سائٹس پر ثانیہ مرزا کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہے جس میں انہوں نے اپنی اور شعیب ملک کی شادی کو ایک مشکل ترین شادی اور فیصلہ قرار دیا تھا۔

ثانیہ مرزا کی شعیب ملک سے 2010ء میں، اپریل کی 12 تاریخ کو شادی ہوئی تھی۔

ثانیہ مرزا کا 2014ء میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’ہماری شادی آسان نہیں تھی کیونکہ ہم دونوں پیشہ ور کھلاڑی ہیں اور مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، ہم جانتے تھے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہم پر دباؤ آئے گا لیکن ہم نے اب تک اس دباؤ کو اچھی طرح سے سنبھالا ہوا ہے، ہمارے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘

ثانیہ مرزا کا مزید بتانا تھا کہ ’میں نے اپنے سسرال میں بہت اچھا وقت گزارا ہے اور صرف باہر کھانے اور خریداری میں مصروف رہی ہوں کیونکہ میں اس دوران میڈیا کی لائم لائٹ سے دور تھی۔‘