خاندان کے شناختی کارڈز کی تجدید نہ کرنے پر نادرا سے جواب طلب

March 02, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے 13سال سے ایک ہی خاندان کے 3افراد کے شناختی کارڈز کی تجدید نہ کرنے کے خلاف درخواست پر نادرا حکام کو نوٹس جاری کردیئے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو 13 سال سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے شناختی کارڈز کی تجدید نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ تینوں درخواستتیں ایک ہی خاندان کے ہیں۔ محمد نظام اور سلمہ خاتون بھائی بہن جبکہ راشدہ بی بی ان کی بھابھی ہیں۔ خاندان کے دیگر افراد کے شناختی کارڈ بنے ہوئے ہیں۔ پیدائشی سرٹیفکیٹ سمیت دیگر کاغذات بھی موجود ہیں۔ کارڈ ایکسپائر ہونے کے بعد تجدید ( ری نیو) نہیں کیا جا رہا۔ عدالت نے محمد نظام، سلمہ خاتون اور راشدہ بی بی کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے نادرا حکام سے 28 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔