خواتین کو ووٹنگ سسٹم میں شامل کرنے کیلئے کوشاں ہیں:ضلعی الیکشن کمشنر

March 02, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر ) فرسٹ اسٹیپ آرگنائزیشن ملتان اور سی آئی پی کاشتراک سے خواتین کی سیاسی سماجی اور انتخابی عمل میں شمولیت کے حوالے سے ضلعی کنونشن ہوا جس میں ضلع بھر سے خواتین نے شرکت کی ۔فرزانہ ارم کوآرڈینیٹر نے فرسٹ اسٹیپ آرگنائزیشن اور سی آئی پی کا تفصیلی تعارف کروایا ،ضلعی الیکشن کمشنر محمد اقبال تنولی نے کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ہمارا ادارہ خواتین کو ووٹنگ سسٹم میں شامل کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہتا ہے تاکہ ہماری یہ کمیونٹی انتخابی عمل میں شامل ہو سکے۔ الیکشن کمیشن آ فیسر محمد توقیرنے کہاکہ ہم خواتین کی خدمت اور آواز بلند کرنے کے علاوہ انتخابی عمل میں شمولیت کے لئے کوشاں ہیں،اس موقع پر موجود محمد اقبال سہو سوشل ویلفیئر آ فیسر نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور اپنے ادارے کی طرف سے سہولیات بارے آگاہ کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے محمد اصغر نے کہاکہ افراد باہم معذوری کے لئے وہیل چیئرز ،یتیم بچوں کی تعلیمی امداد کے حوالے سے ہمارا ادارہ ہر وقت موجود ہے ۔