گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں جاری، موبائل فونز، نقدی چھین لی گئی

March 03, 2024

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ باالجبر ،قفل شکنی اور دیگروارادتوں میں شہری 2گاڑیوں 17موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ، موبائل فونز ،مویشیوں اور نقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے۔ تھانہ پیرودھائی کے علاقہ فوجی کالونی میں محمد اویس خان پیزا لیکر اپنے گھر جا رہا تھاکہ گلی نمبر 27فوجی کالونی میں 2نامعلوم موٹر سائیکل سوراروں نے گن پوائنٹ پر اس سے 12ہزار روپے اور موبائل چھین لیا اور مزاحمت کرنے پر اس کی ٹانگ میں فائرمارکر زخمی کردیا۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ کرسچن کالونی میں2موٹرسائیکل سوار شان خان سے اسلحہ کی نوک پر40 ہزار روپے اور موبائل ،تھانہ آراے بازارکے علاقہ ٹینچ بھاٹہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر عزیز سے موبائل اور17 ہزار روپے،تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ نیوگلزار قائد میں 3موٹرسائیکل سوار جہانزیب منظور سے اسلحہ کی نوک پر موبائل اور5 ہزار روپے،گلزار قائد میں احمد بلال اور عبدالجبار سے تین موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر2موبائل اور محمد رشید ساجد سے موبائل اورپرس،تھانہ روات کو منیب اختر اسلام نے بتایاکہ ان ڈ رائیو پر گاڑی چلاتا ہوں نیول اینکریجبیرئر کے قریب سے 2 مرد ایک عورت اور ایک بچہ عمر 12 سال کو پک کیا۔ جب روات سبزی منڈی کے قریب غیر آباد جگہ پہنچا تو ایک مرد نے پسٹل نکال لیا جو اس سےساڑھے پانچ ہزارروپے ، شناختی کارڈ2اے ٹی ایم کارڈز، گاڑی کی اصل رجسٹریشن بک موبائل اور گاڑی چھینکر اس کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر فرار ہو گئے۔خیابان سرسیدمیں محمدضیاء الحسن کے گھر سے موبائل، 30ہزارروپے اور واچ ،ڈھوک پراچہ میں نجی کمپنی کےٹاور سے 4 ریکٹی فائر میڈیول مالیتی 2 لاکھ روپے ،ٹاہلی موہری میں 144فائبرکیبل مالیتی ایک لاکھ 18ہزار 400 روپے ، ڈھوک جنڈومیں ملک بشیرخان کی 2 گائیں اور ایک بچھڑی ،نیوسٹی فیزون میں اشرف مسیح کے گھر کا تالا توڑ کر 5لاکھ روپے اورسونا مالیتی اڑھائی لاکھ روپے ،گلشن آباد میں حنا ن خان کے سکول سے سی پی یو ،4 لیپ ٹاپ اور دیگر سامان چوری کرلیاگیا۔