افطاری کا مزہ دوبالا کریں

March 31, 2024

ہمیں اُمید ہے کہ آپ نے اب تک ہمارے بتائے ہوئے لذت سے بھر پور پکوانوں سے افطاری کا دسترخوان بہ خوبی سجا یا ہو گا، اس ہفتے ہم آپ کو افطاری کے مزید چٹ پٹے پکوانوں کی تر اکیب بتا رہے ہیں، انہیں بنا کر خود بھی مزے سے کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھلائیں۔

چنا چاٹ

اجزاء: کابلی چنے آدھا کلو (اُبلے ہوئے)، آلو تین عدد (اُبلے ہوئے کیوبز کی شکل میں)، ہری مرچ چار عدد (باریک کٹی ہوئی)، پیاز دو عدد (باریک کٹی ہوئی)، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، چینی ایک کھانے کا چمچہ، زیرہ ایک کھانے کا چمچہ (بھنا اور کٹا ہوا)، لال مرچ ایک چائے کا چمچہ (پسی ہوئی)،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ (کٹی ہوئی)، چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ،نمک ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر ایک عدد (باریک کٹا ہوا)، ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچے،املی آدھا کپ، پاپڑی تین سے چار عدد۔

ترکیب: ایک پیالے میں کابلی چنے، آلو ، ہری مرچ، پیاز، لیموں کا رس، چینی، زیرہ، پسی لال مرچ، کٹی لال مرچ، چاٹ مسالہ، نمک، ٹماٹر اور ہرا دھنیا ڈال کر مکس کرلیں۔ اب اس پر ہرا دھنیا، املی کی چٹنی اور پاپڑی ڈال کر پیش کریں۔

چکن چیز رول

اجزا: چکن بریسٹ آدھا کلو، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،چیڈر چیز سو گرام ،درمیانی پیاز ایک عدد ،کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، مسٹرڈ پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ، سر کہ دو چائے کے چمچے، چلی ساس دو چائے کے چمچے، سویا سوس دو چائے کے چمچے، اجوائن آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچیں تین سے چار عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، ڈبل روٹی کے سلائس تین عدد، انڈے دو عدد، ڈبل روٹی کا چورا حسب ِضرورت، میدہ دو کھانے کے چمچے، کارن فلور دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ِضرورت، تیل حسب ِضرورت۔

ترکیب: فرائی پین میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے درمیانی آنچ پر ایک سے دو منٹ تک فرائی کریں، پھر اس میں چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں ڈال دیں اور ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب چکن کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں نمک، سرکہ، سویا سوس اور چلی ساس ڈال کر ایک سے دو منٹ تک پکا کر چولہا بند کردیں۔

چاپر میں ڈبل روٹی کے سلائس، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر چاپ کریں، اس کے بعد اس مکسچر کو چاپر سے نکال کر اس میں کالی مرچ اجوائن مسٹرڈ پیسٹ اور ایک پھینٹا ہوا انڈا شامل کریں اور اچھی طرح ملا لیں۔ چیز کو اسٹک کی طرح کاٹ لیں اور چکن مکسچر کا تھوڑا سا حصہ ہاتھ میں رکھیں اور اس کے درمیان میں چیز اسٹک رکھ کر رول بنالیں۔ انڈے کو پھینٹ کر اس میں میدہ اور کارن فلور ملا لیں۔ رول کو پہلے انڈے کے مکسچر میں ڈپ کریں، پھر ڈبل روٹی کا چورا لگا کر کڑاہی میں گرم آئل میں سنہری فرائی کرلیں۔