دو ہاکی ٹریننگ کیمپس، کس میں جائیں، پلیئرز نے حل نکال لیا

April 13, 2024

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) دو فیڈریشن ، دو کیمپ شرکت کس میں کریں ، قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اس کا حل نکال لیا، ملک میں دو ہاکی فیڈریشنوں کی جانب سے اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ کے لئے دو کیمپ کے اعلان سےقومی کھلاڑیوں کی پریشانی میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے اور انہوں نے اس کا حل نکال لیا، دونوں فیڈریشنوں کے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں 90فیصد کا تعلق اداروں سے ہے، ان کھلاڑیوں نے کیمپ کے حوالے سے اپنے اداروں سے رابطہ کرلیا ہے، جبکہ صوبے کے کھلاڑی تاحال مشکلات کا شکار ہیں، قومی ہاکی ٹیم کے ایک سینئر کھلاڑی نے کہا کہ ہمارا اداہ جس کیمپ کو جوائن کرنے کو کہے گا ہم اسی میں رپورٹ کریں گے جس کے بعد اب دیکھنا ہوگا کہ 14اپریل سے کراچی اور 16 سے اسلام آباد میں شرو ع ہونے والے کیمپوں میں سے کس میں زیادہ رونق ہوتی ہے۔ اسلام آباد کیمپ کے لئے آفیشلز کا اعلان فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی ہفتے کو کریں گے۔