صوبے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا ہوگا ‘ ارمان خان اچکزئی

April 15, 2024

کوئٹہ(پ ر) اینٹی ڈرگ آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارمان خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں سٹی نالہ کاسی قبرستان سریاب پھاٹک جتک اسٹاپ پشتون آباد ہدہ اور گردونواح میں منشیات کی کھلے عام خرید و فروخت افسوسناک ہے تشویشناک امر یہ ہے کہ منشیات کی ہوم ڈیلیوری بھی شروع ہو چکی ہے اور موبائل فون کی ایک کال پر گھر کی دہلیز تک منشیات پہنچا دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشے کے عادی افراد نہ صرف اپنے گھرانے بلکہ ملک و قوم کیلئے بوجھ بن جاتے ہیں ہم 2019سے اپنی مدد آپ کے تحت انسداد منشیات کیلئے کوشاں ہیں جبکہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے مکینوں کیلئے فری ایمبولینس سروس بھی شروع کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشے کے عادی افراد کو صحت یاب ہونے کیلئے چار سے چھ مہینے جبکہ بعض کیسز میں ایک سال تک کا عرصہ لگتا ہے ہمارے ادارے میں مریضوں کی جسمانی نفسیاتی اور روحانی کونسلنگ کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہمارا ساتھ دے تو صوبے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔