بیٹنگ کمپنی کی تشہیری مہم کا حصہ نہ بنیں، عامر کو پی سی بی کی تنبیہ

April 17, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولر محمد عامر کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے بعد انہوں نے پی سی بی کو یقین دلایا ہے کہ’’بیٹنگ سے ‘‘ سیرو گیٹ کمپنی ان کی تصویرآئندہ اپنی اشتہاری مہم کے لئے استعمال نہیں کرے گی۔

پی سی بی نے محمد عامر کو تنبیہ کی ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے پی سی بی کی بیٹنگ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرنے پر پابندی عائد ہے اس لئے وہ ایسی کسی تشہیر کا حصہ نہ بنیں۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ محمد عامر نے پی سی بی کو یقین دلایا ہے کہ یہ پرانا معاہدہ تھا، کمپنی نے محمد عامر کی ویڈیوز بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہٹا دی ہیں ۔

ہوسکتا ہے عامر نے معاہدے کی رقم واپس کرتے ہوئے معاہدہ ختم کردیا ہو۔ محمد عامر نے یقین دلایا ہے کہ کمپنی میری مزید تصاویرپروموشن کے لئے استعمال نہیں کرے گی۔

دوسری جانب محمد عامر کو سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

انہوں نےگذشتہ سال ایک غیر ملکی کمپنی سے سوشل میڈیا پر پروموشن کا ایک سال کا معاہدہ کیا تھا معاہدے کے مطابق انہوں نے بیٹنگ کمپنی کی 60 پوسٹس کی پروموشن کے لئے ایک کروڑ 25لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔

کمپنی نے ایک دن قبل عامر کا پرانا فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر وائرل کیا تھا۔ محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کے دوران معاہدہ کیا تھا۔