مشرق وسطیٰ میں نئے تصادم کے تباہ کن اثرات ہونگے، پیوٹن

April 17, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مشرق وسطیٰ کے تمام فریقوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جس سے ایک نیا تصادم شروع ہو جائے کیونکہ اس کے خطے پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی صدر نے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی سے فون پر رابطے کیا جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پیوٹن نے ایران کے حملے پر اپنے پہلے عوامی سطح پر نشر بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ عدم استحکام کی بنیادی وجہ مسئلہ فلسطین ہے۔ کریملن کے مطابق ولادیمیر پیوٹن نے امید ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال میں تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور تصادم کے نئے دور کو روکیں گے کیونکہ اس کے خطے پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔