غزہ، اسرائیلی طیاروں کی رفح سمیت مختلف علاقوں پر بمباری، درجنوں شہید

April 17, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی طیاروں کی غزہ کے جنوبی شہر رفح سمیت مختلف علاقوں پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 33ہزار 843 ہوگئی ہے جبکہ 76ہزار 575افراد زخمی ہوچکے ہیں، اسرائیلی فوجی ٹینکوں کی شمالی غزہ واپسی ہوئی ہے، قحط زدہ شمالی علاقوں میں صیہونی فوجیوں نے کیمپوں میں موجود فلسطینیوں کو نکلنے کی دھمکیاں ۔ صیہونی طیاروں نے غزہ سٹی میں امداد کی ترسیل میں مصروف پولیس کی گاڑی پر بھی بم برسادیئے جس کے نتیجے میں 7 پولیس افسران سمیت 9 افراد شہید ہوگئے، اسی طرح شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ کیمپ میں مسجد پر بمباری کرکے اسے شہید کردیا گیا جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطین کی خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا کہ وسطی غزہ میں مغازی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 11 افراد شہید ہو گئے ہیں۔ وفا نے کہا کہ شہدا میں زیادہ تر بچے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ متعدد لوگ زخمی بھی ہوئے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے حصار میں یہودی آباد کاروں کے حملے جاری، آبادکاروں نے فلسطینیوں کے گھروں پر حملے کئے، املاک کو نقصان پہنچایا اور فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کا کہنا ہے کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کو جلد از جلد تسلیم کیا جانا چاہیے۔ سانچیز نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے اور اس ضمن میں یورپی یونین کی حمایت کو بڑھانے کے لئے سلووینیا کے دورے کے دوران کہا کہ اسپین فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن بنانے کے لئے کوشش کرے گا۔