3 افراد قتل، ٹریفک حادثات میں لیڈی کانسٹیبل سمیت تین جاں بحق

April 19, 2024

اسلام آباد، راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار ،سٹاف رپورٹر) جڑواں شہروں میں مختلف واقعات میں دو خواتین سمیت6افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تھانہ سمبل کو فاروق علی نے بتایا کہ چچا زاد بھائی اعجاز علی آیا اور آتے ہی لڑنا شروع کر دیااور کہا کہ گھر میں آئے مہمان اسماعیل کو باہر نکالو۔انکار پر مجھ پر چاقو سے حملہ کر دیا ۔مجھے بچانے بھائی نوید آگے بڑھا تو اعجاز نے اس کو چھاتی پر وار کئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔تھانہ سبزی منڈی کو سیف الرحمان نے بتایا کہ میرا بھائی گل رحمان اپنے دوست رحمان کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ گاڑی نمبر AHK-403نے ٹکر ماردی جس سے بھائی موقع پر جاں بحق اور دوست زخمی ہو گیا۔ ادھر نارنگ منڈی شیخوپورہ کی رہائشی مسز کھوکھر 2003 سے کیپیٹل پولیس میں خدمات انجام دے رہی تھی جو گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں زخمی ہو کر چل بسی ۔ ادھرسابق چیئرمین یونین کونسل کے ڈیرے پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دوافراد جاں بحق ہوگئے ۔تھانہ چونترہ ایچ آئی یوکے تفتیشی افسر راجہ لیاقت نے بتایاکہ شب پونے تین بجے راجڑ چکری روڈ پرسابق چیئرمین یونین کونسل چہان راجہ اورنگزیب کے ڈیرہ پر نامعلوم ملزموں نے اندھادھند فائرنگ کرکے 35سالہ محسن اور44سالہ رانی بی بی کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ ننکانہ صاحب اور مقتول خانیوال کے رہنے والے تھے اور دونوں سابق یوسی چیئرمین کے ملازم تھے ۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق واقعہ سابقہ رنجش کا شاخسانہ ہے ۔ ادھرتھانہ بنی کے علاقہ میں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 14سالہ لڑکا جاں بحق ہو گیا،ایس ایچ او تھانہ بنی انسپکٹر تہذیب الحسنین شاہ نے بتایاکہ جمعرات کی شام سیدپور روڈ پر محمد طیب کا موٹر سائیکل سلپ ہوکر ایک گاڑی سے لگنے کے بعد فٹ پاتھ پر جاگرا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔