MNSزرعی یونیورسٹی میں عالمی کانفرنس اختتام پذیر،20مقالہ جات پیش

April 19, 2024

ملتان(سٹاف رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں شعبہ موسمیاتی تبدیلی اور زمینی و ماحولیاتی سائنسز کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔کانفرنس کے اختتامی روز دو متوازی سیشنز میں 20 بین الاقوامی اور قومی مقالہ جات پیش کیے گئے جس میں بالخصوص ماحول اور اس کے تحفظ کے علاوہ زمینی اور دیگر قدرتی وسائل کے موثر استعمال کی بات کی گئی۔اس موقع پر فیڈرل اردو یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کراچی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد،خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی رحیم یار خان،یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے ریسرچرز نے اپنے تحقیق کی نتائج پیش کیے۔کانفرنس کے اختتام پر تمام مقالہ جات کا اعادہ کیا گیا اور اس میں شامل ترجیحات اور سفارشات کو ترتیب دیا گیا۔مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملتان ہمیشہ سے انڈسٹریل اسٹیک ہولڈرز محققین اور زرعی تعلیمی اداروں کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے میں ہمیشہ سرگرم رہی ہے ۔