• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر اولیاء میں حضرت علیؓ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی حضرت علیؓ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، شہر کے مختلف علاقوں سے مجالس عزا اور ماتمی جلوس برآمد ہوئے، جن میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور ماتم اور زنجیرزنی کی گئی، انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، علم و ذوالجناح کا مرکزی ماتمی جلوس ینگ مین رضویہ مشن کے زیر اہتمام لائسنسدار اخلاق حیدر صدیقی کی قیادت میں امام بارگاہ ناصر آباد جھک سے دن 1بجے برآمد ہو ا، جلوس سے قبل صبح 8 بجے مجلس عزا منعقد ہو ئی، جس سے علماء کرام اور ذاکرین نے خطاب کیا،ماتمی جلوس امام بارگاہ آستانہ مخدوم پیر لعل شاہ مشہدی پر رات 8 بجے اختتام پزیر ہو ا، دریں اثنا چاہ بوہڑ والا میں امام بارگاہ کاشانہ حیدر میں تابوت و ذوالجناح کا مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوا، امام بارگاہ بابا تلوار شاہ سے شبہیہ علم و ذوالجناح کی برآمدگی ہوئی، دربار حضرت شاہ شمس سے سجادہ نشیں مخدوم سید عون رضا شمسی کی قیا دت میں شبیہ تابوت حضرت علیؓ کا ماتمی جلوس برآمدہوا، جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ فاروق خان سعیدی نے کہا کہ سیدنا حضرت علی المرتضیؓ علم و عمل، شجاعت مردانگی ،جرأت و ہمت اور عزم و استقلال کا پیکر تھے، آپؓ کی سیرت و تعلیمات مسلمان حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہیں، وہ گزشتہ روز جماعت اہل سنت ملتان ڈویژن کے زیر اہتمام جامعہ حنفیہ انوار مدینہ شریف پورہ میں سیدنا حضرت علی المرتضیؓ کے یوم شہادت کے سلسلے میں منعقدہ مرکزی اجتماع میں خطاب کر رہے تھے،متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام ضلع کچہری ملتان چیمبر ایڈووکیٹ سید اطہر شاہ بخاری میں یوم شہادت حضرت علی ؓ پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیدنا علی مرتضیؓ شیر خدا کی شہادت اور شجاعت منفرد اعزاز ہے، یہ بات پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پنجاب کے سینئر نائب صدر الحاج محمد اشرف قریشی نے صوفی فورم ملتان کے زیر اہتمام سیدنا علی مرتضیٰ ؓکے یوم شہادت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،انجمن حسینیہ (رجسٹرڈ) امام بارگاہ کاشانہ شبیر لال کرتی کینٹ کے جنرل سیکرٹری ومتولی لائسنسدار سید علی اصغر رضوی نے کہا ہے کہ حضرت علیؓ کا دور خلافت ایک مثالی عہد کی مثال پیش کرتا ہے، عالم دین علامہ ریاض جوہری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ آپس کے تمام تر اختلافات کو بھلا کر فاتح خیبر حضرت علی ؓکے نقش قدم پر چلتے ہوئے یکجا ہو کر اسلام دشمن صیہونی قوتوں کو منہ توڑ جواب دے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ کاشانہ حیدر چاہ بوہڑ والا کے زیر اہتمام حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے سلسلے میں بامن جی چوک کینٹ پر منعقدہ مجلس عزا کے موقع پر عزاداروں سے خطاب کے دوران کیا ، مرکزی سیکرٹری جنرل تحفظ عزاداری کونسل پاکستان سید طالب حسین پرواز نے کہا ہے کہ حضرت علیؓ کا طرز زندگی ظلم وبربریت اور کفر کیلئے موت ہے، یوم شہادت حضرت علی ؓکے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے لال کرتی کے مرکزی جلوس کے روٹس کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق اور سی پی او ملتان صادق ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے، یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلع ملتان میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا جب کہ مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات مکمل کیے گئے۔
ملتان سے مزید