آپریشن کے دوران قبضے میں لیے گئے 3 آئل ٹینکرز کسٹم کے حوالے

April 21, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )کوسٹ گارڈز نے اوتھل اور بیلہ کے علاقے میں آپریشن کے دوران 3 آئل ٹینکر ز کو قبضے میں لے کر کسٹم کے حوالے کر دیا۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کی ڈیزل،پٹرول اور ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے دوسرے اداروں کے ساتھ مشترکہ کاروائیاں جاری ہیں۔بلوچستان میں تربت، گوادر اور کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر کوچز،منی بسوں اور گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں غیر قانونی ایرانی ڈیزل،پٹرول اورممنو عہ اشیاء اسمگل کی جا رہی ہیں خصوصاً مسافر کوچز میں اسمگلنگ کے لئے تیار کردہ خفیہ خانوں /ٹینکس میں ڈیزل، منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کو ممکن بنایا جاتاہے۔ مسافر گاڑیوں اور انکے خفیہ خانوں کو استعمال کر کے براستہ روڈڈیزل ملک کے دیگر شہروں تک پہنچایا جاتا ہے۔ماضی قریب میں مسافر کوچز کے خفیہ خانوں میں موجودایرانی ڈیزل اور پٹرول کی وجہ سے آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ مسافروں کی آڑ میں مسافر کوچز کے خفیہ خانوں میں ایرانی ڈیزل اور پٹرول کی اسمگلنگ روز مرہ کا معمول بنتی جا رہی ہے۔ دو دن قبل آئل کمپنیوں کی گاڑیوں، جن میں مشہور کمپنیاں شامل ہیں، ان گاڑیوں کو جعلی پرمٹ جاری کرتے ہیں،ان گاڑیوں کوقبضے میں لیکر ان کے خلاف قانونی کاروائی کے لئے اواگرا اور پی ایس او سے ان کے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔