نوجوانوں کی رہنمائی ہم سب کی ذمہ داری ہے‘ علی حسن

April 21, 2024

کوئٹہ(پ ر)کسی بھی قوم میں نوجوان طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل کے لئے نوجوانوں کی صحیح سمت رہنمائی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی میر علی حسن زہری نے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے ضامن اور سرمایہ ہیں ۔ہمارے نوجوان کسی صورت کسی سے کم نہیں بات صرف مواقع ملنے کی ہے۔ بلوچستان کے نوجوان ہمارے آنے والے مستقبل کے معمار ہیں ۔ہمارے لیڈر بلاول بھٹو زرداری جو کہ خود بھی نوجوان ہیں اور وہ نوجوانوں کے لئے حقیقی معنوں میں بہت کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ۔بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نئی حکومت نوجوانوں کی اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم کے ساتھ ان کے روشن مستقبل کے لئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گی اور اس سلسلے میں جدید طرز تعلیم کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے نوجوانوں کے لئے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بندوق کے زور پر کبھی اپنے حقوق حاصل نہیں کئے جاسکتے جبکہ بندوق کی بجائے قلم وقت کی ضرورت ہے کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔