پتنگ بازی کے نقصانات بارے آگاہی پیدا کی جائے،پرنسپل پی جی ایم آئی

April 22, 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے میڈیکل سمیت تمام تعلیمی اداروں کے اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو پتنگ بازی کے نقصانات اور اس سے انسانی جان کو لاحق خطرات سے آگاہ کریں اور انہیں خونی کھیل پتنگ بازی کی بجائے، دیگر صحتمند کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تلقین کریں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس سلسلے میں والدین کی ذمہ داری اور کردار بہت اہم ہے۔ اور انسانیت کا درد رکھنے والے ہر فرد کو پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے لوگوں سے بھی درخواست کی وہ اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کیلئے موٹر سائیکل پر حفاظتی وائر لگوا لیں تاکہ وہ کسی حادثے سے محفوظ رہ سکیں۔