20 کلو آٹا تھیلا کی قیمت میں 800 روپے کی آل ٹائم ریکارڈ کمی

April 24, 2024

اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) پنجاب بھر میں وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز کی دانشمندانہ گندم خریداری پالیسی کے نتیجے میں 20 کلو آٹا تھیلا کی قیمت 800روپے کم ہو گئی ہے۔ گزشتہ ماہ مارچ کے اوائل میں 20کلو آٹا تھیلا کی قیمت صوبہ بھر میں 2800 روپے رہی مگر غریب نواز وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کی غریبوں کی خدمت کیلئے اپنائی گئی حکمت عملی کے نتیجے میں منگل 23اپریل کو گندم کی قیمت 4800 روپے من سے کم ہو کر 3300 سے 3500 روپے فی من تک آگئی ہے۔ اس کے نتیجے میں فلور مل مالکان نے 20کلو وزنی آٹے کے تھیلے کی قیمت 2800 روپے سے 800 روپے کم کر کے 23 اپریل کو 2000روپے کر دی ہے۔ اس طرح پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی بار عوام کو 20 کلو آٹا تھیلا 800 روپے سستا ملنا شروع ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی نئی گندم کے بارے میں پالیسی میں صوبے کی 1100 فلور ملوں کو اپنی سالانہ ضرورت کی گندم بغیر کسی رکاوٹ طلب و رسد کے اصول کے مطابق مقرر ہونے والی قیمت پر بیچنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔