عنایت اللّٰہ اور عبدالفتح کی جبری گمشدگی کو 10 سال کا عرصہ بیت گیا، وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز

May 24, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ اور ماما قدیر بلوچ نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر لاپتہ عنایت اللہ بنگلزئی ، عبدالفتح بنگلزئی کوبازیاب کرکے جلد منظر عام پر نہ لایا گیاتو عید کے بعد کوئٹہ کراچی شاہراہ کو مستونگ کے مقام پر دھرنا دئے کر بند کردیا جائے گا ،یہ بات انہوں نے جمعرات کو عنایت اللہ بنگلزئی اور عبدالفتح بنگلزئی کے اہلخانہ کے ہمراہ احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ 24 مئی 2014 کو عنایت اللہ بنگلزئی اور عبدالفتح بنگلزئی کو اسپیلنجی سے حراست میں لیا گیا اور 24 مئی 2014 کو فورسز کے حوالے سے میڈیا میں خبر آئی کہ اسپلنجی میں دوران آپریشن عنایت اللہ بنگلزئی ، عبدالفتح بنگلزئی اور بشام کو حراست میں لیا گیا ہے بعد ازاں بشام کو چھوڑ دیا لیکن عنایت اللہ اور عبدالفتح کی جبری گمشدگی کو 10 سال کا عرصہ بیت گیا ۔ لاپتہ افراد کے کمیشن میں ان کا کیس چلتا رہا کمیشن نے حکم دیا کہ ان کو کمیشن کے سامنے پیش کیاجائے ۔ اس کے باوجود انہیں پیش نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ان کے خاندان شدید ذہنی کرب و اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ ان کے والدین اپنے بیٹوں کی جدائی کے غممیں انتقال کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ لاپتہ افرادپر کوئیالزام ہے تو انہیں منظر عام پر لاکر عدالتوں کے ذریعے سزا دی جائے اگربے گناہ ہیں تو انہیں رہا کیا جائےبصورت دیگر عید کے بعد کوئٹہ کراچی شاہراہ کو مستونگ کے مقام بند کرکے ان کی بازیابی تک دھرنا دیں گے۔