ٹی 20 ورلڈ کپ سے ایک ہفتہ قبل پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست

May 26, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے ایک ہفتہ قبل پاکستان کو دفاعی چیمپین انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میں23رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستانی ٹیم چار گیندیں پہلے160رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔ہفتے کو ایجبسٹن میں پاکستان کی جانب سے کوئی بیٹسمین نصف سنچری اسکور نہ کرسکا۔فخر زمان نے سب سے زیادہ45 رنز 21 گیندوں پر بنائےجس میں تین چھکے اورپانچ چوکے شامل تھے۔کپتان بابر اعظم نے26گیندوں پر32رنز بنائے۔افتخار احمد23عماد وسیم نے22 اوراعظم خان نے11رنز بنائے۔صائم ایوب دو اور محمد رضوان صفر پر آوٹ ہوئے۔انگلش بولروں نے پاکستانی بیٹرز کو کنٹرول میں رکھا۔ریس ٹوپلی نے41رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔معین خان نے26اور جوفرا آرچرڈ نے28رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔قبل ازیںایجبسٹن میں دوسرے ٹی ٹوئینٹی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا انگلینڈ نے جوش بٹلر کی دھواں دار اننگز کی بدولت سات وکٹ پر183رنز بنائے،پلیئر آف دی میچ بٹلر نے اپنے مخصوص انداز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور51گیندوں پر84رنز کی اننگز کھیلی انہوں نے تین چھکے اور8چوکے مارے اور تین ہزار رنز بنانے والے پہلے انگلش بیٹر بن گئے۔ایک وقت پر انگلینڈ بڑے اسکور کی جانب گامزن تھا لیکن آخری پانچ اوورز میں پاکستانی بولروں نے39رنز بننے دیئے۔انگلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو بٹلر نے فل سالٹ کے ہمراہ ٹیم کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اننگز کے تیسرے اوور میں عماد وسیم بولنگ پر آئے اور انہوں نے پہلی گیند پر سالٹ کو آوٹ کردیااس کے بعد بٹلر کا ساتھ دینے نوجوان وِل جیکس آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت بنائی۔جیکس نے 23 گیندوں پر 2 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے لیکن وہ حارث رؤف کی ایک آہستہ گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے اور پوائنٹ پر کھڑے شاداب کو کیچ دے بیٹھے۔دوسرے اینڈ پر موجود بٹلر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور جونی بیئراسٹو کے ہمراہ مزید 48 رنز جوڑ کر اسکور کو 144 تک پہنچا دیا۔بیئراسٹو کی 2 چھکوں اور دو چوکوں سے مزین 25 رنز کی اننگز شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی جبکہ اگلے ہی اوور میں عماد نے ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے خطرناک ہیری بروک کو بولڈ کردیا۔انگلش کپتان کو حارث نے ایک مرتبہ پھر شاداب کی مدد سے بٹلر کو چلتا کردیا۔شاہین نے اپنے آخری اوور میں ٹیم کو مزید دو کامیابیاں دلاتے ہوئے معین علی اور کرس جارڈن کو بھی آوٹ کیا۔شاہین شاہ آفریدی نے36رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے سب سے خراب بولنگ شاداب خان کی رہی جنہوں نے چار اوورز میں55رنز دیئے۔اسپنر عماد وسیم نے بہترین بولنگ کی اور19رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔حارث روف نے34رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔