ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر فنانس پر تشدد، اسسٹنٹ معطل

May 28, 2024

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر فنانس کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے پر ڈی جی نے اسسٹنٹ کو معطل کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق اتھارٹی کے ڈائریکٹر فنانس کاشف کے دفتر میں ایف جی ایچ اے کا اسسٹنٹ اشرف علی مروت اپنے بقایا جات جو اتھارٹی کے ذمہ تھے لینے گیا تو دونوں میں تو تکار ہونے پر جھگڑا ہو گیا۔ ڈائریکٹر فنانس کے مطابق انہیں کمرے میں بند کر کے پلاسٹک کے پائے سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور 52 ہزار روپے بھی چھین لئے گئے ۔ ادھر اشرف علی مروت کا کہنا تھا کہ میں نے واجبات کیلئے فنانس ڈائریکٹر کوکاغذات فراہم کئے تو انہوں نے کاغذات ردی کی ٹوکری میں پھینک دیئے ، میں نے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا دفتر میں کیمرے لگے ہوئے ہیں ریکارڈنگ لے کر چیک کیا جا سکتا ہے۔