حکومت مخالفین کو ہراساں کرنے کیلئے فسطایت پر اتر آئی، سردار عبدالرحیم

May 29, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مخالفین کو ہراساں کرنے کیلئے فسطایت پر اتر آئی ہے- روزانہ کی بنیاد پر جی ڈی اے کے رہنماؤں کارکنان اور ہمدردوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں ،جی ڈی اے کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی صدارت میں آج 29 مئی کو رئیس غلام مرتضٰی خان جتوئی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا ، اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال ، مہنگائی ، تباہ حال امن و امان پر غور ہوگا ، اجلاس میں مہنگائی دودھ ، گوشت ، آٹا ، گھی/کوکنگ آئل وغیرہ کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اقدامات پر بھی فیصلے کیے جائیں گے۔گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ کے ساتھ لوڈشیڈنگ پر بھی غور کیا جائے گا۔