مویشی منڈی جانے والے افراد احتیاط کریں، ماہرین صحت

June 14, 2024

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) ماہرین صحت نے کہا ہے کہ جانوروں سے بہت سی بیماریاں انسانوں کو منتقل ہوتی ہیں جن میں ہائی ڈیٹڈ،ٹینیا، ٹوکسو پلازمہ ، کانگو وائرس اوردیگرشامل ہیں اس لئے مویشی منڈی جاتے وقت احتیاط کیجائے ، پورا جسم ڈھانپا جائے ،لمبی آستینوں والے کپڑے پہنے جائیں ، موزے پہنتے ہوئے بند جوتوں کا استعمال کیا جائے ، جسم کے کھلے حصوں پر کیڑوں کو دور رکھنے والا محلول لگایا جائے اور منڈی سے واپسی پر جسم کواچھے طریقےسے چیک کیا جائے اگر کوئی چیچڑی جسم پر پائی جائے تو اسے جسم پر مسل کر نہ ماراجائے بلکہ اسے جسم سے نکال لیا جائے اوراس کے بعد غسل کر کے صاف کپڑے پہنے جائیں ۔

جنگ سے گفتگو میں انڈس اسپتال کے شعبہ متعدی امراض کی سربراہ ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے بتایا کہ کانگو ایک وائرل ہیمرجک وائرس ہے جو جانوروں سے انسانو ں کو لگتا ہے کانگو وائرس سے متاثرہ جانور کے جسم پر پلنے والے کیڑے( چچڑی) کے کاٹنے سے یا متاثرہ جانور کو ذبح کرنے کے دوران یا فوراً بعد اس کا خون صحت مند انسان کے جسم پر لگنے سے کانگو وائرس انسانوں میں منتقل ہوسکتا ہے۔