کراچی( اسٹاف رپورٹر)انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو لارڈز ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 114 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی، ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 47 اوورز میں صرف 136 رنز پر آئوٹ ہوگئی، انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں 371 رنز بنا کر 250 رنز کی برتری حاصل کر رکھی تھی، اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں ، ڈیبیو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے انگلش فاسٹ بولر ایٹکنسن کو مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا،جمعےکو لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے 79 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تاہم وہ زیادہ دیر تک اپنی وکٹیں نہ بچا سکی۔گوڈاکیش موشن31رنز پر ناٹ آوٹ رہے، گاس ایٹکنسن نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے تجربہ کار فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ گاس ایٹکنسن کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 121 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔