داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلباء کی تعلیمی کامیابیوں کی تقریب

August 06, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین کی ہدایت پر تعلیمی کامیابیوں کا جشن منانے کیلئے مقامی ہوٹل میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی تھےجبکہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے سابق چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ مہمان خصوصی کی آمد پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ، پروگرام آرگنائزر اور ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر راشد مصطفیٰ کورائی، ڈائریکٹر امور طلباء انجینئر صدام علی کھچی، انجینئر سہیل رانا، وسیم لانگا اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے اساتذہ اور طلباء کی کاوشوں کو نہ صرف سراہا جائے بلکہ انہیں میڈلز سے بھی نوازا جانا چاہئے ، اسی وژن کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے داؤد یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلباء کی جانب سے حالیہ عرصے میں حاصل کئے گئے ایوارڈز، نامزدگیاں، فنڈنگز کا جشن منانے کا فیصلہ کیا، انہیں اس تقریب میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس دینے کا مقصد دیگر فیکلٹی ارکان اور طلبہ اور طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین کے آنے کے بعد سے داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی سے فیکلٹی ارکان اور طلباء کی کامیابیوں کی خبریں ملنا اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ ڈاکٹر ثمرین حسین کے دور میں یونیورسٹی تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اچھا ایڈمنسٹریٹر اپنے سخت فیصلوں کی وجہ سے پاپولر نہیں ہوتا تاہم ڈاکٹر ثمرین حسین نے اسے غلط ثابت کردیا کیونکہ وہ ’ون ویمن آرمی‘ ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین ایڈمنسٹریٹر اور انتہائی پاپولر، پسندیدہ شخصیت بھی ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل جاوید سلیم قریشی نے کہا کہ داؤد یونیورسٹی کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں خوش آئندہ ہیں۔