آئی ٹی بورڈ کے قیام کا ایکٹ کابینہ میں پیش کیا جائےگا

July 18, 2019

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے، خاص طور پر بلوچستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے قیام کے ایکٹ کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جسے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ آئی ٹی بورڈ کے قیام کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے یو این ڈی پی کے ایڈوائزری بورڈ کے رکن ڈاکٹر عمر سیف نے بدھ کو وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری نورالامین سے ملاقات کی، انہوں نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے وژن او رصوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ اس ضمن میں یواین ڈی پی کی جانب سے صوبائی حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یواین ڈی پی نے حال ہی میں بلوچستان یونیورسٹی میں ایک جدید آئی ٹی لیب قائم کی ہے جبکہ صوبے کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں اور اضلاع میں بھی آئی ٹی لیب کے قیام کے لئے یو این ڈی پی تعاون کے لئے تیار ہے۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری نے آئی ٹی کے فروغ کے لئے یواین ڈی پی کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔