پانچ سالہ تجارتی پالیسی میں برآمدات کا ہدف 40 ارب ڈالر مقرر

July 28, 2021

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) آئندہ پانچ سال کی تجارتی پالیسی 2020-25میں برآمدات کا ہدف 40ارب27کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے،کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نئی تجارتی پالیسی کی آج(بدھ) منظوری دے گی پہلے مالی سال 2020-21میں برآمدات کا ہدف 23ارب68کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا تھا جس کے مقابلے میں 25ارب30کرو ڑ ڈالرکی برآمدات ہوئیں ، رواں مالی سال 2021-22میں برآمدات کا ہدف29ارب 10کروڑ ڈالر، 2022-23کا ہدف32ارب98کروڑ ڈالر ، مالی سال 2023-24میں 36ارب26کروڑ ڈالر اور مالی سال 2024-25کا برآمدات کا ہدف 40ارب27کروڑ ڈالر رکھا گیا ہے ، جنگ کو دستیاب دستاویز کے مطابق نئی مجوزہ تجارتی پالیسی میں برآمدات کی تین اقسام میں اہداف تجویز کیے گئے ہیں ، پہلی قسم میں پانچ سال میں برآمدات کا ہدف جوں کی توں صورتحال کے تحت28ارب57کروڑ ڈالر رکھا گیاہے، دوسری قسم میں بہتر مسابقتی ماحول کی فراہمی کے ساتھ35ارب46کروڑ ڈالر اور مزید بہترین مسابقتی ماحول کے ساتھ برآمدی ہدف 40ارب27کروڑ ڈالر تک لے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔