وفاق توانائی پالیسی میں ترمیم کا مجاز نہیں، سندھ کابینہ

September 24, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ نے صوبائی حکومت کے متعدد سستے متبادل توانائی منصوبوں کو اے آر ای پالیسی 2019ء سےخارج کرنے کا معاملہ مشترکہ پارلیمنٹ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ، کابینہ نے این آر ٹی سی کو دسمبر 2021ء تک بسیں خریدنے اور ڈپوز اور بس اسٹاپس کے قیام اور بسوں کو چلانے جیسے انفرااسٹرکچر کی ترقی پر 3؍ ارب روپے کی سرمایہ کاری اور کسانوں کو سبسڈی دینے کیلئے ’’پیپلز ہاری کارڈ ‘‘ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ نوشہرو فیروز اور کشمور کے گوداموں میں موجود گندم اُٹھانے کیلئے نیب سے بات کرنے اور کے ایم سی ٹیکسز کی وصولی کیلئے کے الیکٹرک کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے کی بھی اجازت دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے وفاقی کابینہ کی جانب سے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) سے منظور متبادل توانائی پالیسی 2019ء (اے آر ای ) میں یکطرفہ ترمیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔