• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطے کے تناظر میں مولانا فضل الرحمان اسٹیبلشمنٹ کا بہتر آپشن ہیں، زاہد خان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) خطے کے مخصوص حالات کے پیش نظر اسٹیبلشمنٹ کو مولانا فضل الرحمان کی ضرورت ہیں، اسٹیبلشمنٹ افغانستان کی موجودہ حکومت سے اچھے روابط کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے مولانا فضل الرحمان ایک بہتر آپشن ہیں ۔

یہ بات عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر زاہد خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہی ۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں مولانا فضل الرحمان کو اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے سپورٹ ملی ہے تو عین ممکن ہے کہ اس کی بنیادی وجہ افغانستان میں طالبان کا اقتدار میں آنا ہو۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ بات صحیح ہے تو پھر خیبر پختونخوا کے بعد بلوچستان بھی جمعیت علماء اسلام کی جھولی میں جائے گا۔ 

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ان بلدیاتی انتخابات کو شفاف نہیں کہا جاسکتا جس کی وجہ پری پول دھاندلی ہے کیوں کہ سارے وزراء و مشیر انتخابی مہم میں حصہ لے رہے تھے یہاں تک کہ الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود عمران خان نے صوبہ کا دورہ کیا۔ 

سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی الیکشن اکیلے لڑی جبکہ مولانا فضل الرحمان کو مسلم لیگ ن اور قومی وطن پارٹی کی سپورٹ حاصل تھی۔

ہم اس وقت صوبہ میں نشستوں کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہیں اور جو نشستیں ہم نے ہاریں اس میں بھی مخالف کی جیت کا مارجن بہت تھوڑا ہے۔

تازہ ترین