• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2021: پاکستان کرکٹ ٹیم کا مایوس کن آغاز، یادگار اختتام

کرا چی (اسٹاف رپورٹر) کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک اننگز اور 176رنز کے بھاری مارجن سے شکست سے سال 2021کا آغاز کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے کیلنڈر ایئر کا اختتام ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 2 مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے والی واحد ٹیم ویسٹ انڈیز کو اسی فارمیٹ میں ہی کلین سوئیپ کرکے کیا۔ پی سی بی کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ان دونوں سیریز کے دوران 12ماہ میں پاکستان نے تین ٹیسٹ سیریز جیتی اور ایک ڈرا کی۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ مجموعی طور پر پاکستان نے9 میں سے 7ٹیسٹ میچز جیتے۔ اسی دوران 29 میں سے سب سے زیادہ 20 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اپنے نام کیے ۔البتہ چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سےصرف 2 میں کامیابی مل سکی۔ چھ ون ڈے میچز میں دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم 405 رنز کے ساتھ بیٹنگ چارٹ میں سرفہرست رہے، اس کے بعد فخر زمان (365)، امام الحق (189) اور محمد رضوان (134) کے نام شامل ہیں۔ حارث رؤف 13 وکٹیں لے کراس فارمیٹ کے کامیاب ترین بولر رہے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا یہ سال محمد رضوان کے نام رہا۔ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبرپر موجود محمد رضوان نے اس سال 29 میچز میں ایک سنچری اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 1326 رنز بنا کر کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

اسپورٹس سے مزید