• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ، اعتماد بحال، ناراض شائقین منانے کا مشن، آج رنگارنگ تقریب میں افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انتظار کی گھڑیاں ختم ، پاکستان سپر لیگ کا جمعہ کو پنڈی میں رنگارنگ تقریب میں آغاز ہوگا، جس کے بعد رات ساڑھے آٹھ بجے پنڈی اسٹیڈیم میں ہی اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندر کے درمیان ایونٹ کا پہلا دھمال شروع ہوگا۔قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کے بعد منتظمین ناراض شائقین کو مناکر گراؤنڈز تک لانے کے خواہاں ہیں۔ افتتاحی تقریب میں مشہور فنکار عابدہ پروین، علی ظفر ، ابرار الحق، نتاشہ بیگ ، طلحہ انجم اور ینگ اسٹنرز پرفارم کرینگے ۔ اس موقع پر آتشبازی کا مظاہرہ بھی ہوگا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل پورے آب و تاب کے ساتھ ایک دہائی پر محیط اپنا سفر مکمل کررہی ہے، دسویں ایڈیشن میں بیٹرز چھکے چھڑانے، پیسر دھاک بیٹھانے اور اسپنرز جادو جگانے کیلئے بے تاب ہیں، کئی ریکارڈ بننے اور ٹوٹنے کے منتظر ہیں۔ ایونٹ کیلئے سخت حفاظتی حصار تیار کیا گیا ہے۔ 6 ٹیمیں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ لیگ سے چند نئے ستارے بھی ابھر کر سامنے آئیں گے ۔ گرم موسم میں لیگ کا انعقاد ایک چیلنج ہے جبکہ لگاتار تماشائیوں کو میدان میں لانا بھی آسان نہ ہو گا، شائقین کی دلچسپی کیلئے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں ، جن میں میچوں کے دوران ریفل ٹکٹ کے ذریعے انعامات ، نئی جدت کے ساتھ پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی اور پہلی مرتبہ اردو کمنٹری کا فیصلہ شامل ہیں ۔ ایونٹ 18 مئی تک جاری رہے گا جس میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، ناظرین کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کوریج کے اعلی معیار سے لطف اندوز ہوسکیں گے اور یہ ایونٹ مختلف چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا۔ کرکٹ کے دنیا کے کئی بڑے نام کمنٹری میں نظر آئیں گے جن میں انگلینڈ کے سابق کپتان سر الیسٹر کک ،وسیم اکرم، ایم سی سی کے سابق صدر مارک نکولس کے نام قابل ذکر ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 3 مرتبہ (2016۔ 2018۔ 2024) جبکہ لاہور قلندرز نے 2 مرتبہ (2022۔ 2023) ٹائٹل جیتا ہے، پشاور زلمی 2017، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، 2019 ، کراچی کنگز 2020 ،ملتان سلطانز 2021 میں چیمپئن بنی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل میں 100 میچز کھیلے ہیں ، 55 جیتے، 44 ہارے ، ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔ ایلیمنیٹر اور فائنل سمیت 13 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پنڈی اسٹیڈیم کوالیفائر سمیت 11 میچز کی میزبانی کرے گا، ملتان اور کراچی میں 5،5 میچز طے ہیں، کراچی کنگز اپنے ابتدائی تمام 5 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گی۔ 13 مئی کو پنڈی میں کوالیفائر، 14 مئی کو لاہور میں پہلا ایلیمنیٹر اور 16 مئی کو لاہور ہی میں دوسرا ایلیمنیٹر ہو گا، 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں فائنل سے ٹرافی کے فاتح کا فیصلہ ہو گا۔

اسپورٹس سے مزید