کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں مرد اور خواتین کی 6، 6 کرکٹ ٹیموں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کرکٹ کو آخری مرتبہ125 برس قبل سال 1900 میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا۔ اولمپکس میں کرکٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلی جائے گی، مرد اور خواتین کے ایونٹس میں 6، 6 ٹیمیں ہوں گی جن کے لیے 90، 90 کھلاڑیوں کا کوٹہ الاٹ کیا جائے گا، مرد و خواتین میں ہر ٹیم 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ کرکٹ وینیوز کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پاکستان کو اولمپکس مقابلوں میں کوالیفائی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ موجودہ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان مینز ٹیم ساتویں اور ویمنز ٹیم آٹھویں پوزیشن پر ہے جبکہ اولمپکس میں آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ کی 6 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ پاکستان کو اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے رینکنگ بہتر کرنا ہو گی۔