کراچی (جنگ نیوز) پاکستان سپر لیگ نے نو سیزنز میں کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ بابر اعظم نے اب تک 90 میچز میں سب سے زیاد ہ 3504 رنز 45 کی اوسط سے اسکور کیے ہیں۔ سب سے زیادہ104 چھکے لگانے کا ریکارڈ فخر زمان کے پاس ہے۔پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ملتان سلطانز نے 2023 میں بنایا تھا جب انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف تین وکٹ پر268 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا۔ اس میچ میں عثمان خان نے صرف 43 گیندوں پر 120 رنز بنائے۔ وہ صرف 36 گیندوں پر تیز ترین سنچری بھی بناچکے ہیں۔ دوسری طرف سب سے کم اسکور بنانے کا ریکارڈ لاہور قلندرز کے پاس ہے، جو 2017 میں زلمی کے خلاف 59 رنز پر ڈھیر ہو گئے تھے۔ انگلینڈ کے جیسن روئے نے 2018 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے پشاور زلمی کے خلاف 145 ناقابل شکست رنز بناکر بہترین انفرادی کا ریکارڈ قائم کیا ۔ انگلینڈ کے روی بوپارا نے2016 میں کراچی کنگز کی جانب سے لاہور قلندرز کے خلاف 16 رنز کے عوض چھ وکٹیں لے کر بہترین انفرادی کارکردگی پیش کی ۔ وہاب ریاض نے مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے سب سے زیادہ 113 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ سب سے زیادہ تین، تین سنچریاں بنانے کا ریکارڈ کامران اکمل اور شین واٹسن کے پاس ہے۔