کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری پر کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور ثقلین مشتاق سے بات ہوئی ہےعام تاثر یہی ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیرملکی کوچز کی تقرری ہونی چاہیے، نئےسال 2022میں میری ترجیح ہوگی ،ایج گروپ کرکٹرز کو وظیفہ اور مسابقتی کرکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، انڈر 19 اور ویمنز پی ایس ایل کے لیے کام کررہے ہیں۔ پاکستان میں ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے،ڈراپ ان اور ہائبرڈ پچز پر تیزی سے کام کررہے ہیں۔ہفتے کو سال نو کے آغاز پرایک بیان میں رمیز راجا نے کہا کہ اسلام آباد میں اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں نئے کمرے بنانے پر توجہ مرکوز ہے۔ شائقین قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں، انہیں ہر ممکن سہولتیں دیں گے، سال 2022 پاکستان کرکٹ فینز کے لیے بمپر سال ہے اس سال بڑی ٹیمیں پاکستان آئیں گی ہم پرامید ہیں کہ کوویڈ 19 کی غیرمعمولی صورتحال کے باوجود آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔سیریز ایسے وقت میں رکھی گئی ہے کہ دونوں ٹیموں کے بڑے کھلاڑی پاکستان آسکیں،قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اور پی سی بی کی پالیسیوں سے اسٹیک ہولڈرز کا بورڈ پر اعتماد بڑا ہے۔پی ایس ایل کی براڈکاسٹنگ اور لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی بولی میں قابل ذکر اضافہ دیکھا گیا ہے۔میری انتظامیہ کے تین بڑے ستون ہیں کرکٹ، کمرشل اور ایڈمنسٹریشن، جنہیں بہترین دیکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سب کو میری طرف سے نیا سال بہت بہت مبارک ہودعا ہے کہ 2022 قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے۔ کپتان کو بااختیار کرنے سے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا، ایج گروپ کرکٹ میں حصہ لینے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاتھ وے اور ملک میں کرکٹ کا بہترین انفراسٹرکچر بنانا ہے۔