کراچی( نصر اقبال ،اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پہلی پاکستان سپر ہاکی لیگ کی تیاری شروع کردی ہے، یہ لیگ 2015سے التواء کا شکار ہے جو فیڈریشن کے اعلان کے باوجود تاحال عملی شکل اختیار نہیں کرسکی ہے، تاہم اب پی ایچ ایف نے اس لیگ کے لئے میڈیا میں اشتہار جاری کردیا ہے جس میں انعقاد کے حوالے سے پیش کشیں طلب کی ہے، فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال مئی جون میں ایونٹ کے انعقاد پر غور کررہے ہیں جس کے میچز کراچی، لاہور میں کرا ئے جائیں گے، ایونٹ میں ابتدائی طور پر چھ فرنچائز کی ٹیموں کو شامل کیا جائے گا جس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، لاہور ،کوئٹہ اور پشاور سے موسوم ٹیمیں حصہ لینگی، فرنچائز کی بولی کے لئے جلد اشتہار دیا جائے گا، ہر ٹیم میں چار سے پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔