• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ سیون، ہر ٹیم کے لئے ہوٹل فلور مخصوص، آمد و رفت محدود، کرکٹ بورڈ کا ہوم ورک مکمل

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان سپر لیگ کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے موثر اور سخت اقدامات کررہا ہے۔ ہوم ورک مکمل ہے اور 27جنوری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ہر ٹیم کے لئے ہوٹل کا ایک فلور مخصوص ہوگا۔ کھلاڑی کو دوسرے فلورپر مقیم کھلاڑیوں سے ملنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جمنازیم اور سوئمنگ پول پر بھی ٹیموں کے اوقات مقرر ہوں گے۔ ہوٹل کا عملہ بھی ہر فلور کے لئے مخصوص ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے ہوٹل اسٹاف کو گھر جانے یا دوسرے فلور پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ابوظبی میں پی ایس ایل سکس کی طرز پر جو اقدامات کئے گئے تھے اس سے بھی سخت لیکن موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ دنیا بھر اس وقت کورونا کے نئے وائرس اومی کرون کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان کے بعد آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات اور امریکا میں کرکٹ کو کورونا نے اپنی زد میں لیا ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو این سی او سی نے آگاہ کیا ہے کہ آئندہ ماہ پاکستان سپر لیگ میچوں میں سو فیصد تماشائیوں کو گرائونڈ میں آکر میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ابوظبی کی طرح اس بار کوئی غیر ملکی کمپنی کراچی اور لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل میچوں میں کے معاملات نہیں سنبھالے گی۔ جنوبی افریقا، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کی سیریز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیم نے کورونا ایس او پیز کی نگرانی کی تھی ۔ مزید بہتری کے ساتھ پی ایس ایل کی نئی کورونا ایس او پیز بنائی جارہی ہیں۔ ان کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کراچی میں پی ایس ایل کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تھی اس وقت بھی کھلاڑیوں کے جرمانے کی شق موجود تھی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا تھا ۔ کراچی اور لاہور میں ٹیموں کے ہوٹل بک کرایا گیا ہے ۔ تمام ٹیمیں ،آفیشلز اور ہوٹل اسٹاف بھی ببل کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ہر عمر کے مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت ہو گی ،12سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازم ہو گی، ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجراء کیلئے میکنزم تیار کرے گا ۔ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کیلئے ماسک اور سماجی فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران کورونا کیسوں میں اضافہ ہوتا ہے اور یا ملک میں کورونا کیس بڑھتے ہیں تو ٹورنامنٹ کو ایک شہر تک محدود کردیا جائے گا اس وقت پی سی بی نے کراچی میں پندرہ اور لاہور میں 19میچ کرانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

اسپورٹس سے مزید