• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلئے انٹرنیشنل میچز ضروری قرار

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر خواجہ جنیدنے ڈھاکا میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کار کردگی کے حوالے سے اپنی رپورٹ مرتب کرلی، وہ رواں ہفتے فیڈریشن کوجمع کرائیں گے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے رپورٹ میں ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ ایکمین کی رائے کو بھی شامل کیا ہے۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ٹیم آفیشلز نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ جب تک کھلاڑیوں کو غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ مقابلے کے مواقع فراہم نہیں کئے جائیں گے تمام ایکسر سائز بے مقصد ثابت ہوگی،کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے مگر انٹر نیشنل میچوں کا تجربہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ٹیم میںکچھ شعبے میں کم زوریاں ہیں،ضروری ہے کہ بڑے میچوں کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی خامیاں دور کرنے میں مدد ملے، ٹیم آفیشلز نے کھلاڑیوں کے لئے طویل مدتی کیمپ اور ملکی سطح پر ایونٹس میں اضافے کی تجاویز بھی دی ہے۔