پشاور(نیوز رپورٹر)پشاور کے کمرشل ورہائشی پلازوں،تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں پارکنگ سمیت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی اور بلڈنگ لاز 2017کی خلاف ورزی کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی گئی ہے، رٹ فرقان قاضی نے سیف اللہ محب کاکا خیل ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ قانون کے مطابق ہر بلڈنگ میں خواتین ومردوں سمیت معذورافراد کیلئے لیٹرین کی سہولت ہوناچاہیے تاہم کئی پرانی عمارتوں میں نہ ہی معذور افراد کےلئے ریمپ کا بندوبست کیا گیا ہے نہ ہی کئی نئی عمارتوں میں ان کیلئے یہ سہولت دی جارہی ہے ۔ اس طرح خواتین کیلئے بھی یہ سہولت موجود نہ ہونے کیوجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ رٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لیٹرین اور پارکنگ کی جگہ دکانیں بنائی گئی ہیں تاکہ انہیں کمائی کا ذریعہ بنایاجاسکے ،یونیورسٹی روڈ پر کئی بڑے پلازوں وعمارتوں میں قانون کے مطابق پارکنگ سہولت موجود نہیں ہے ،پارکنگ نہ ہونے کیوجہ سے بڑے برانڈز کی دکانوں کے سامنے گاڑیاں سڑکوں اورسروس روڈز پر کھڑی کی جاتی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑتا ہے ۔ رٹ میں بلڈنگ رولز اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق پلازوں اور بڑی عمارتوں میں پارکنگ اور دیگر سہولیات یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔رٹ پر دورکنی بنچ کیجانب سے جلد سماعت متوقع ہے۔