پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی سات روزہ انسداد پولیو مہم24جنوری 2022سے شروع کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی افسران سمیت محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او، پولیس اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دسمبر 2021کی انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے جنوری 2022 کی انسداد پولیو مہم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جنوری انسداد پولیو مہم کے دوران پشاور بھر میں 748181بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں جا رہے ہیں جس کے لیے 2493ٹیمیں پشاور کے مختلف علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی اور ان ٹیموں کی سیکیورٹی کا بھی خاطر خواہ بندوبست کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنرنے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر نا ہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا