• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز، پرویز رشید اپنے غیراخلاقی عمل پر صحافی برادری سے معافی مانگیں، پی ایف یو جے، کے یو جے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر جی ایم جمالی، سیکریٹری جنرل رانا محمد عظیم، کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے)کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری عاجز جمالی نے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں مریم نواز اور پرویز رشید کی مبینہ آڈیو لیک میں سینئر صحافیوں کے بارے میں تضحیک آمیز کلمات ادا کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ پی ایف یو جے اور کے یو جے کے رہنمائوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں مطالبہ کیا کہ مریم نواز اور پرویز رشید فوری طور پر اپنے اس غیر اخلاقی عمل پر پوری صحافی برادری سے معافی مانگیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور پرویز رشید نے مبینہ آڈیو لیک میں سینئر صحافیوں مظہر عباس اورحسن نثار کو تضحیک آمیز القابات سے نوازا اور کہا کہ وہ ایک نجی چینل کے پروگرام میں ان کی سیاسی جماعت اور قیادت کے بارے میں غلط تبصرے اورگالم گلوچ کرتے ہیں۔صحافی رہنمائوں نے کہا کہ مذکورہ سینئر صحافیوں کی تحریر اور تبصرے سے اختلاف رکھنا آزادی اظہار ہے اور سیاسی جماعتوں کو حق ہے کہ صحافیوں کی رائے اور تبصرے کی نفی کریں یا اسے مسترد کردیں، مگر کسی بھی جماعت، تنظیم یا حکومت کو یہ حق نہیں کہ وہ صحافیوں کو گالیاں دینا شروع کردیں-انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اس غیر اخلاقی رویے پر معذرت نہ کی گئی باقاعدہ احتجاج کیا جائے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید