کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی محمد فاروق نے پیپلزپارٹی کے ترجمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے میئر اور پیپلزپارٹی کے ارکان قومی اسمبلی بھی فارم 47کی پیداوار ہیں، جماعت اسلامی پیپلزپارٹی کے مبینہ جعلی مینڈیٹ کو بے نقاب کرتی رہے گی، پیپلزپارٹی کے ترجمان کے بیانات سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ عوام سے لے رہی ہے، آج صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورا سندھ اس جماعت سے جان چھڑانا چاہتا ہے۔ پیپلزپارٹی کو کرپشن کے سوا کچھ نہیں آتا۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی ۔