کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر جمیل جالبی کے مختلف ہم عصر ادبا نے کہا ہے کہ لغت نویسی میں ڈاکٹرجمیل جالبی کی خدمات بے مثال ہیں۔وہ کراچی یونیورسٹی میں ڈاکٹر جمیل جالبی اور لغت نویسی کے عنوان سے ہونے والی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔نسیم شاہین آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں اردو لغت بورڈ کراچی کی شائع کردہ اردو لغت (تاریخی اصول پر) کی نستعلیق اشاعت کی پذیرائی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت استاذ الاساتذہ پروفیسر سحر انصاری نے کی جبکہ معروف محقق اور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلوہ گر تھے۔مہمان مقررین میں ڈاکٹر ضیغم زمان، ڈاکٹر شاہد ضمیر اور کلیدی مقرر کی حیثیت سے محمد طارق بن آزاد نے تقریب میں گفتگو کی۔