• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب راولپنڈی نے4 سال میں 128 ملزمان کو سزا دلوائی،اربوں ریکور کئے،چیئرمین نیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نیب راولپنڈی نے بھرپور پراسیکیوشن کے ذریعے بدعنوانی کے مختلف مقدمات میں گذشتہ چار سال کے دوران نیب آرڈیننس 1999ء کے سیکشن 10 اور 25 بی کے تحت 128 ملزمان کو سزا دلوائی اور اربوں روپے ریکور کئے گئے ہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاویداقبال کی زیر صدارت نیب راولپنڈی کی کارکردگی بالخصوص 10 اکتوبر 2017ء سے 31 دسمبر 2021ء کے دوران نیب آرڈیننس 1999ء کے سیکشن 10 اور 25 بی کے تحت ملزمان کو سزائوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ 

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید کی دانشمندانہ قیادت میں 2021ء میں متعلقہ احتساب عدالتوں نے نیب آرڈیننس 1999ء کی شق 10 کے تحت 10 ملزمان، 2020ء میں 13 ملزموں کو سزا سنائی گئی۔ 

عرفان نعیم منگی نے مزید بتایا کہ 2018 ء میں نیب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 10 کے تحت احتساب عدالتوں نے 21 ملزمان کو سزا سنائی۔ نواز شریف کو 06.07.2018 کو احتساب عدالت نے1752 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ مفتی احسان الحق کو 26.09.2018 کو احتساب عدالت نے 9,000 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ 

مریم نواز کو 06.07.2018 کو احتساب عدالت نے 438 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ کیپٹن (ر) صفدر کو 06.07.2018 کو احتساب عدالت نے سزا سنائی۔ نواز شریف کو احتساب عدالت نے 24.12.2018 کو 5500 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

نیب راولپنڈی کی کاوشوں سے نیب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 25 کے تحت مختلف احتساب عدالتوں نے 23 ملزمان کو سزا سنائی۔ عرفان نعیم منگی نے بتایا کہ 2020ء کے دوران نیب راولپنڈی کی کاوشوں سے نیب آرڈیننس 1999کی دفعہ 25 کے تحت مختلف احتساب عدالتوں نے 21 ملزمان کو سزا سنائی۔ 

زین ملک کو احتساب عدالت نے 24.08.2020 کو سزا سنائی اور اس سے 4955.95 ملین روپے کی رقم برآمد ہوئی۔ زرداری گروپ کے جے وی اوپل -225 سے 1.22 ارب کک بیکس لینے کے مقدمہ میں ملزم زین ملک کو احتساب عدالت نے 24.08.2020 کو سزا سنائی اور اس سے 170 ملین روپے کی رقم برآمد ہوئی۔ 

جعلی اکائونٹس کیس میں بحریہ ٹائون سے 8.3 ارب روپے اے پی ایس مشتاق احمد اور زین ملک کے مشترکہ اکاونٹ کے ذریعے جعلی کھاتوں میں منتقلی کے مقدمہ میں ملزم زین ملک کو احتساب عدالت نے 24.08.2020 کو سزا سنائی اور اس سے 31.79 ملین روپے برآمد ہوئے۔ 

خواجہ عبد الغنی مجید اور دیگر کے خلاف پنک ریذیڈنسی کیس میں ملزم زین ملک کو 11.08.2020 کو احتساب عدالت نے سزا سنائی تھی اور اس سے 1563.01 ملین روپے برآمد ہوئے۔ حسین لوائی اور دیگر کے خلاف مقدمہ میں ملزم زین ملک کو 11.08.2020 کو احتساب عدالت نے مجرم قرار دیا تھا اور اس سے 2129.79 ملین روپے برآمد ہوئے۔ 

ہاوسنگ پروجیکٹ سفاری انکلیو 1، راولپنڈی کے حوالے سے میسرز ایم ایم پاک بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف مقدمہ میں ملزم محمد الیاس کو 29.04.2020 کو احتساب عدالت نے سزا سنائی اور اس سے 88.59 ملین روپے برآمد ہوئے۔ 

ڈی جی نیب راولپنڈی نے بتایا کہ سال 2019کے دوران نیب راولپنڈی کی کاوشوں کی وجہ سے23 افراد کو مختلف احتساب عدالتوں نے نیب آرڈیننس 1999کی دفعہ 25 بی کے تحت سزا سنائی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب راولپنڈی کا نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ہے۔ 

انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں نیب راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی نیب راولپنڈی اسی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ میگاکرپشن اور وائٹ کالر کرائم کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ 

نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھتے ہوئے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید