اسلام آباد(، نمائندہ جنگ ،جنگ نیوز، نیوز ایجنسیز ) راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان میں جمعہ کوپانچویں روز بھی تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
ملک بھرمیں چھتیں گرنے،پھسلن اور دیگر واقعات میں 8افرادجاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوئے، پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوانے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور برفباری سے مختلف حادثات کی رپورٹ جاری کردی ۔
وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی ٰبلوچستان سے حالیہ بارشوں کی وجہ سے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔
ادھر مری میں شدید برفباری، سیا حوں کے غیر معمولی رش اور سوا لاکھ سےزائد گاڑیوں کی آمد کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مزید گاڑیوں کا داخلہ عارضی طور پر بند کر دیا ہے جبکہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ہدایات پر سیاحوں کو مری اور گلیات کی طرف جانے سے عاضی طور پر روک دیا گیاہے۔
انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں ہی شہریوں کو مری اور گلیات کی طرف سفر کرنے کی اجازت دی جائیگی،فیصلے کا مقصد مری اور گلیات سے واپس آنیوالے سیاحوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
فیملیز اور دیگر سیاحوں کو مری اور گلیات سے باحفاظت واپس اتارا جارہا ہے۔