• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، روس میڈیا فورم، ماہرین کا اسٹریٹجک اور میڈیا تعلقات مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد( نیو زرپورٹر)پاکستان اور روس کے سینئر سفارت کاروں اور ماہرین نے پاکستان۔ روس میڈیا فورم میں اسٹریٹجک روابط کو مضبوط بنانے، اقتصادی و دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور میڈیا اشتراک کو فروغ دینے پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ماسکو سے فورم کے پہلے سیشن بعنوان ’’بدلتی ہوئی دنیا میں عالمی چیلنجز اور تناظرات ماسکو اور اسلام آباد کا جائزہ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے دانشور حلقوں کے درمیان گہری باہمی دلچسپی کی عکاس ہے۔ مشاہد حسین نے پاکستان کے سفیر کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مارچ میں وزیر اعظم پاکستان کا دورہ روس ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے ،فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ ماسکو میں ہونے والا آئندہ سربراہی اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان پانچویں ملاقات پر ہو گا، جو اعلیٰ سطحی سفارتی روابط کا مظہر ہے۔سفیر نے اعلان کیا کہ پاکستان، وزیر اعظم کے دورہ روس کے موقع پر پاکستان۔روس بزنس فورم کا انعقاد کر رہا ہے جس میں 100 سے زائد نمایاں پاکستانی کمپنیاں اپنے روسی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گی۔دوطرفہ تعلقات میں تیزی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم، تجارت، زراعت اور ثقافتی تبادلوں میں مواقع کو اجاگر کیا اور عوامی سطح پر روابط کو مزیدمضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اہم خبریں سے مزید