پشاور( جنگ نیوز ) گورنمنٹ ٹائپ ڈی ہسپتال دوآبہ ضلع ہنگو خستہ حال ہونے سمیت سٹاف کی کمی اور پانی کی شدید قلت ہے جس کے باعث عوام علاج معالجے کی سہولت سے محروم ہیں جبکہ ہسپتال میں مشینری آپریٹر نہ ہونے کی وجہ سے پڑی لاکھوں کی مشینری خراب ہونے لگی اہلیان دوآبہ نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے نوٹس لیکر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اہلیان علاقہ کے مطابق ہسپتال میں عرصہ دراز سے پانی لائن خراب ہے جسکی وجہ سے ہسپتا ل عملہ سمیت عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ہسپتا ل میں عملہ کی کمی کا بھی مسئلہ درپیش ہے جس کی وجہ سے مختلف امور متاثر ہو رہے ہیں اور علاقہ میں ہسپتا ل ہونے کے باوجود بھی علاقے کے لوگ کوہاٹ اور پشاور علاج معالجہ کیلئے جانے پر مجبور ہیں علاقہ مکینوں کے مطابق ایکسرے کی بہترین مشین ہسپتال میں موجود ہے لیکن آپریٹ کرنے والا عملہ نہیں ہے جس کے باعث مشین خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔ ہسپتال کا اندرونی انفراسٹرکچر اور فرنیچر بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ سٹریچر بھی میسر نہیں جس کے باعث ہسپتا ل بوت بنگلہ اور کھنڈارات کا منظر پیش کرتا ہے علاقہ عوام نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے دوآبہ ٹائپ ڈی ہسپتال کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر کے علاقہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے بصورت دیگر ہنگو دوآبہ شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر کے احتجاج کرینگے ۔