لاہور(نمائندہ جنگ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے21جنوری سے ملک بھر میں کسان یکجہتی احتجاج کی منظوری دے دی۔ بلاول ہاؤس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں مشاورتی ہائبرڈ اجلاس میں ملک بھر کے کاشت کاروں سے اظہار یکجہتی کے لئے صوبائی تنظیموں سے تجاویز طلب کر لی گئیں اور احتجاج کی تیاریوں کیلئے صوبائی تنظیموں کے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی گئی۔ پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر بخاری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ خورشید شاہ، نوید قمر، حسن مرتضیٰ، نوابزادہ افتخار احمد خان بابر، شازی خان، شہزاد سعید چیمہ اور ذوالفقار علی بدر بلاول ہاؤس میں موجود تھے۔