کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر عوام کو معیاری و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اتوار کو بھی مراکز کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔سبزل روڈ اور سمنگلی روڈ میں قائم بیکنگ پلانٹس کے معائنے کے دوران معروف" سن رائز بیکنگ یونٹ"کو پروڈکشن ایریا میں گندگی، ورکرز کی ذاتی صفائی و میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے، آلودہ مشینری اور اشیاء کی تیاری میں پابندی عائد ناقص کوکنگ آئل کے استعمال پر سیل کر دیا گیا، دوران انسپیکشن"ہوم بریڈ " (بیکنگ پلانٹ) پر صفائی و ٹرانسپورٹیشن کے ناقص نظام، فوڈ سیفٹی کے مقررہ اسٹینڈرڈز اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ علاوہ ازیں چوہڑمل روڈ میں موجود ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس کے معائنہ پر دو مشہور ہوٹلوں" غزنوی ہوٹل اور افغان سخی مزار شریف ہوٹل "میں صفائی کی صورتحال و ورکرز کی ذاتی صفائی انتہائی ابتر پائی گئی، ہوٹلوں کے پکوان میں ممنوعہ و مضر صحت چائنیز نمک بھی استعمال کیا جارہا تھا جس پر مزکورہ دونوں ہوٹلوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔