پشاور( کرائم رپورٹر) پشاور پولیس نے 18مقامات پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے درجنوں افراد کو گرفتار کرکے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا ۔پشاور پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنائی گئی نئی حکمت عملی کے تحت شہر کے 18مختلف مقامات پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کئے گئے ہیں، اہم اور حساس مقامات میں ہونے والے ٹارگٹڈ آپریشنز کے دوران سنگین جرائم میں مطلوب 11 خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے، اسی طرح جیل سے رہا ہونے والے متعدد عادی جرائم پیشہ افراد سمیت 253 مشکوک افراد کو بھی حراست میں لے کر ان سے مختلف زاویوں پر پوچھ گچھ کی گئی ہے، ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے دوران 104 غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور غیر قانونی مقیم 17 افغان شہریوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، کارروائیوں کے دوران اشتہاری ملزمان کو امداد اور پناہ دینے والوں سمیت ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، مصدقہ اطلاعات پر ہونے والی کارروائیوں کے دوران گرفتار افراد کے قبضہ سے 53 عدد پستول، 2 شارٹ گن اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس برآمد کر لئے گئے ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے.