کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے لاپتا شہری کیس میں سی ٹی ڈی انچارج کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق پراسیکیوشن کی اپیل غیر موثر ہونے پر خارج کردی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی پر مشتمل بینچ کے روبرو لاپتا شہری کیس میں انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق سرکار کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ بازیاب شہری محمد ندیم پٹیل عدالت میں پیش ہوا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے ہمیں نہیں بتایا گیا کہ آپ واپس آچکے ہیں اس لیے پراسیکیوٹر کی سرزنش کی۔ ندیم پٹیل نے کہا کہ مجھے اغوا کیا گیا تھا میں ستمبر 2020 کو واپس آیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس میں کہا کہ ہم لاپتا کیسز کا سخت نوٹس لیتے ہیں۔ لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر کسی پر کوئی مقدمہ ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے۔ کھودا پہاڑ اور چوہا بھی نہیں نکلا۔ ہم نے سخت نوٹس لیا مگر پتا چلا لاپتا شہری تو پہلے ہی واپس آچکا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے مقدمہ درج کرنے کے حکم پر عمل درآمد ہوچکا ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل نے موقف دیا کہ عدالتی حکم پر فیروز آباد تھانے میں راجا عمر خطاب کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی۔